منگلورو،2اکتوبر (ایس او نیوز)ایک جیویلری شاپ اور اس سے متصل کوآپریٹیو بینک کو لوٹنے کی کوشش میں ناکام ہونے پر لٹیروں نے میڈیکل شاپ میں توڑ پھوڑ مچادی اور خالی ہاتھ لوٹ جانے پر مجبور ہوگئے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق میڈپلس نامی دواؤں کی دکان کے مالک نے صبح جب اپنی دکان کھولی تو اندر مچی ہوئی توڑ پھوڑ کے علاوہ پچھلی دیوار میں ایک بڑا سوراخ دیکھ کر وہ حیران رہ گیا۔ غور کرنے پر پتہ چلا کہ میڈیکل شاپ کے اندر گھسنے کے بعد لٹیروں نے اندر سے دیوار توڑ کر اس سے متصل کاماکشی جیویلری شاپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس میں وہ ناکام رہے۔ اتفاق سے جیویلری شاپ سے متصل ایک کوآپریٹیو بینک بھی ہے۔ اس سے گمان کیا لگایا گیا ہے کہ شاید جیویلری شاپ کے علاوہ بینک بھی لٹیروں کے نشانے پر رہا ہوگا۔ لیکن میڈیکل شاپ کی اندرونی دیوار سے زیورات کی دکان میں گھسنے کی کوشش جب ناکام ہوگئی تو پھر لٹیروں نے میڈیکل شاپ میں بری طرح توڑ پھوڑ اور افراتفری مچادی اور خالی ہاتھ لوٹ جانے پر مجبور ہوگئے۔
اروا پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرنے کے بعد ڈاگ اسکواڈ اور فنگر پرنٹ ماہرین کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔